پاکستان میں کرکٹ ہمیشہ سے ایک جذبے کی صورت میں دیکھی جاتی ہے، اور اسی جذبے کو ایک منظم پلیٹ فارم دینے کے لیے ’’پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ‘‘ (PTPL) کی بنیاد رکھی گئی۔ یہ لیگ پہلے KPTL کے نام سے کراچی میں کھیلیں گئی جس کی شاندار کامیابی کے بعد اسے ملک بھر میں روشناس کروا کے PTPL کا نام دیا گیا. یہ لیگ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک وژن ہے. وہ وژن جو وزیراعظم پاکستان کے اعلان کردہ منصوبے کے تحت گراس روٹ کرکٹ، یعنی محلہ کرکٹ کو ایک منظم اور باوقار سطح پر لانے کے لیے تشکیل دیا گیا۔
اس منصوبے کا بنیادی ہدف دو سمتوں میں کام کرنا ہے:
Backward Linkage کے تحت ان باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرنا جو اسکولوں، گلیوں اور کھلے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اور Forward Linkage کے ذریعے ان نوجوانوں کو شہر، صوبے اور پھر قومی سطح پر لے کر آنا تاکہ پاکستان کے لیے نیا کرکٹ ٹیلنٹ تیار ہو سکے۔
’’پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ‘‘ کی کہانی کا آغاز کراچی سے ہوا، جب یہ لیگ پہلے ’’یو بی ایل امین کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ‘‘ کے نام سے متعارف کرائی گئی۔ مگر اس کی غیر معمولی کامیابی کے بعد اسے قومی سطح پر توسیع دی گئی، اور اب یہ ’’یو بی ایل امین پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ 2025‘‘ کے نام سے پورے ملک میں کھیلی جائے گی۔
حال ہی میں کراچی میں اس لیگ کی شاندار ’’سافٹ لانچ تقریب‘‘ منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کی مشہور شخصیات، بزنس لیڈرز، اور کرکٹ لیجنڈز نے شرکت کی۔ اس تقریب میں پاکستان کی سب سے بڑی ٹیپ بال ٹرافی کی رونمائی کی گئی، جو عزم، اتحاد اور جذبے کی علامت ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی، جب کہ کرکٹ کے عظیم ستارے جاوید میانداد، صادق محمد، ہارون رشید، اور توصیف احمد بھی موجود تھے۔
جاوید میانداد، جو اب PTPL کے صدر ہیں، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے۔ انہوں نے چیئرمین ظہیر نصیر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے ٹیپ بال کرکٹ کو گلیوں سے نکال کر ایک پروفیشنل پلیٹ فارم پر پہنچایا۔ ہارون رشید، جو لیگ کے سینئر نائب صدر ہیں، نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’یہ لیگ اُس خواب کی تعبیر ہے جس میں گلی کا کھلاڑی کل کا قومی ہیرو بن سکتا ہے۔‘‘
تقریب کے دوران لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے 360° ویڈیو بوتھ کا تجربہ بھی کیا، جو تقریب کا ایک یادگار لمحہ بن گیا۔ یہ لانچ ایونٹ ’’بیڈر ایکسپو سولیوشنز‘‘ نے کامیابی سے منعقد کیا، جو اس لیگ کے آرگنائزر ہیں۔
اب ’’یو بی ایل امین پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ 2025‘‘ میں آٹھ بڑی ٹیمیں میدان میں اتریں گی. کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، حیدرآباد، ملتان، پشاور، کوئٹہ، اور راولپنڈی۔ یہ ٹیمیں 16 دسمبر سے 31 دسمبر 2025 تک ایک دوسرے کے خلاف ٹکرائیں گی، اور پورے ملک کے شائقین اس شاندار ایونٹ کا لطف اٹھائیں گے۔ تیز رفتار آٹھ اوورز کے مقابلے ناصرف سنسنی خیز ہوں گے بلکہ نئی کرکٹ کہانیوں کو جنم دیں گے۔
شاہد آفریدی اس لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر ایک بار پھر نوجوانوں کے لیے ترغیب کا باعث بنے ہیں۔ ان کی موجودگی نے لیگ کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ کیا اور نوجوانوں کے لیے ایک نیا حوصلہ پیدا کیا۔
پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ اب صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک تحریک بن چکی ہے. ایک ایسی تحریک جو نوجوانوں کو اپنی محنت، جذبے، اور قابلیت کے ذریعے اپنا مقام بنانے کا موقع دے رہی ہے۔ PTPL کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ نئے قومی ہیروز کو تراشنا ہے، جو آنے والے کل میں پاکستان کی کرکٹ کو دنیا بھر میں فخر سے نمائندگی دیں گے۔
یہ لیگ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر جذبہ سچا ہو اور موقع فراہم کیا جائے تو گلی محلوں کے کھلاڑی بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ یو بی ایل امین پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ 2025، کھیل سے بڑھ کر ایک خواب ہے, ایک ایسا خواب جو ہر نوجوان کے دل میں بستا ہے۔