پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا مسلسل دوسرا میچ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بارش کی نذر ہو گیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا میچ موسلادھار بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
میچ کے آغاز میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے 25 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ بعد ازاں خراب موسم کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔
میچ کو پہلے ہی 50 اوورز سے کم کر کے 36 اوورز کا کر دیا گیا تھا تاہم موسمی صورتحال کے باعث مکمل نہ ہو سکا۔
اس سے قبل پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
اب تک پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ میں پانچ میچز کھیل کر صرف دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور آٹھ ٹیموں کی فہرست میں آخری نمبر پر ہے۔