ایچ آئی وی کے بڑھتے کیسز، وزیر صحت کا نوٹس، غیر قانونی لیبارٹریز کے خلاف کارروائی کا حکم

image

نواب شاہ اور اس کے نواحی علاقوں میں ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں 100 سے زائد افراد میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات غیر قانونی بلڈ بینک، عطائی ڈاکٹروں اور غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کی سرگرمیاں قرار دی جا رہی ہیں۔ متعدد مقامات پر غیر معیاری سرنجوں کے استعمال اور بلڈ اسکریننگ کے بغیر خون کی منتقلی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایچ آئی وی کے بڑھتے کیسز کی اطلاع پر وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت اور ہیلتھ کیئر کمیشن کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی لیبارٹریز، بلڈ بینکوں اور کینولا سینٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ صحت نے ایڈز اور ملیریا سمیت دیگر امراض کے پھیلاؤ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

ذرائع کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن اور محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں اور ضلع کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد غیر قانونی میڈیکل مراکز، کینولا سینٹرز اور عطائی ڈاکٹروں کے کلینک سیل کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ایچ آئی وی اسکریننگ اور آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے تاکہ مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US