طورخم بارڈر بندش سے تجارت اور آمدورفت مکمل معطل، اشیائے ضروریہ کی قلت

image

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ طورخم بارڈر کی بندش کو ایک ہفتے سے زائد عرصہ گزر چکا ہے جس کے باعث دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔

سرحدی کشیدگی کے بعد بند کی گئی اس گزرگاہ نے اشیائے خوردونوش، پھل، سبزیوں اور دیگر سامان کی ترسیل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

طورخم ہائی وے پر مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں جو کئی کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہیں۔ متعدد ٹرکوں میں لدی جلد خراب ہونے والی غذائی اشیا دھوپ کے باعث ضائع ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سرحد کے دونوں جانب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مقامی منڈیوں میں قلت کے باعث عوام کو روزمرہ ضروریات کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں۔

طورخم بارڈر پاکستان اور افغانستان کے درمیان سب سے مصروف تجارتی راستہ ہے جہاں سے ہر ہفتے ہزاروں ٹن سامان کی نقل و حمل ہوتی ہے۔ بارڈر کی طویل بندش سے نہ صرف مقامی معیشت متاثر ہوئی بلکہ علاقائی تجارتی سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US