راولپنڈی: پاک، جنوبی افریقا ٹیسٹ میچ کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات

image

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز راولپنڈی پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں اور شائقینِ کرکٹ کو محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق 5500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ 367 سے زائد ٹریفک اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق سینئر افسران فیلڈ میں موجود ہیں فورس کی نگرانی اور بریفنگ جاری ہے۔ اسٹیڈیم کی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی نظام کے ذریعے تمام سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

مزید برآں پولیس نے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے جہاں سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ اور تھانوں کی موبائلز سٹیڈیم کے اطراف میں مسلسل گشت پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔

سی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ میچ کے دوران آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک،جنوبی افریقا ٹیسٹ میچ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی اور منظم ٹریفک انتظامات پولیس کی اولین ترجیح ہیں تاکہ شائقین کرکٹ ایک پرامن، منظم اور خوشگوار ماحول میں کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US