خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر کی تحصیل کندار سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جہاں 12 ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ بچے میں بیماری کی علامات 19 ستمبر 2025 کو ظاہر ہوئیں جس کے بعد لیبارٹری ٹیسٹ میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 19 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 30 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
صحت حکام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متاثرہ علاقے میں ہنگامی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں اور والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔