اسلام آباد: مینوفیکچرنگ شعبہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
ادارہ شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مینوفیکچرنگ شعبہ کی برآمدات سے ملک کو 1.036 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مینوفیکچرنگ شعبہ کی برآمدات کا حجم 1.065 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ستمبر میں مینوفیکچرنگ شعبہ کی برآمدات کا حجم 345 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں مینوفیکچرنگ شعبہ کی برآمدات سے ملک کو 375 ملین ڈالر زر مبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اگست کے مقابلے میں ستمبر میں مینوفیکچرنگ شعبہ کی برآمدات متوازن رہیں۔ اگست میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات کا حجم 345 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو ستمبر میں بھی 345 ملین ڈالر رہی۔
واضح رہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی برآمدات کا حجم 7.59 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 7.906 ارب ڈالر کے مقابلے میں 3.9 فیصد کم ہے۔