پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں ایک بڑی انسدادِ منشیات کارروائی کے دوران 972 ملین امریکی ڈالر (97 ارب 24 کروڑ روپے) مالیت کی منشیات ضبط کر کے عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس یارموک نے سعودی قیادت میں قائم کومبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت شمالی بحیرہ عرب میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دو مشتبہ کشتیوں سے دو ٹن کرسٹل میتھ، 350 کلو گرام آئس اور 50 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کامیاب کارروائی پر پاکستان نیوی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ آپریشن عالمی تعاون اور مشترکہ سمندری سیکیورٹی کی بہترین مثال ہے۔ اسی طرح سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے بھی اس کامیابی کو عالمی سطح پر مشترکہ کارروائیوں میں مؤثر ہم آہنگی کی علامت قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن پاکستان نیوی کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ علاقائی سمندری سلامتی، عالمی امن اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یارموک کے عملے کو پیشہ ورانہ مہارت اور عزم پر سراہا اور کہا کہ پاکستان نیوی قومی سمندری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر سمندری سلامتی کی کوششوں میں بھی بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
نیول چیف کے مطابق سعودی قیادت میں یہ کامیاب آپریشن دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔