انڈیں کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
جمعرات کو ایڈیلیڈ میں جاری میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو کھیلنے کی دعوت دی۔
کپتان شبمن گل کے آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی ساتویں اوور میں کریز پر آئے، مگر صرف چار گیندیں کھیلنے کے بعد آسٹریلوی فاسٹ بولر زیویئر بارٹلیٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے ریویو لینے سے انکار کیا اور اپنی پسندیدہ غیرملکی پچ پر پہلی بار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
VIRAT KOHLI GONE FOR HIS SECOND DUCK OF THE SERIES!#AUSvIND | #PlayoftheDay | @BKTtires pic.twitter.com/jqIdvMeX9T
— cricket.com.au (@cricketcomau) October 23, 2025
یہ پہلا موقع ہے کہ وراٹ کوہلی اپنے 304 ون ڈے میچوں کے کیریئر میں مسلسل دو بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 2021 میں وہ احمدآباد میں ایک ٹیسٹ اور ایک ٹی20 انٹرنیشنل میں لگاتار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
آسٹریلیا کے خلاف یہ ان کے کیریئر کا چوتھا ’ڈک‘ تھا، جب کہ مجموعی طور پر اب تک وہ بین الاقوامی کیریئر میں 40ویں بار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ہیں۔
انڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ 43 مرتبہ بغیر رن بنائے آؤٹ ہونے کا ریکارڈ تاحال ظہیر خان کے پاس ہے۔
ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انڈیا کی بیٹنگ کا آغاز بھی خاصا سست رہا۔ اوپنر روہت شرما نے اپنی ابتدائی 20 گیندوں پر صرف چھ رنز بنائے، جو 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد ان کی کسی اننگز کا سست ترین آغاز تھا۔
اتوار کو پرتھ میں کھیلے گئے پہلے میچ سے قبل فاکس سپورٹس پر روی شاستری اور ایڈم گلکرسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ وہ طویل وقفے کے بعد تازہ دم محسوس کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’میں نے پچھلے 15 سے 20 برسوں میں بہت کرکٹ کھیلی ہے، شاید سب سے زیادہ۔ اس وقفے نے مجھے ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ ہونے کا موقع دیا۔‘
اس میچ میں کوہلی مچل سٹارک کی ایک آف اسٹمپ کے باہر گیند پر ڈرائیو کرنے کی کوشش میں پوائنٹ پر کیچ دے بیٹھے، جہاں آسٹریلوی فیلڈر کوپر کونؤلی نے شاندار ڈائیو لگا کر کیچ پکڑا۔
ایڈیلیڈ میں کوہلی کا ریکارڈ ہمیشہ شاندار رہا ہے، جہاں وہ مجموعی طور پر پانچ سنچریوں کے ساتھ غیرملکی بلے بازوں میں سب سے زیادہ 975 رنز بنا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، سیریز کا تیسرا میچ سنیچر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔