بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل دشت میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک زیرِ تعمیر عمارت پر کام کرنے والے 9 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ دو روز قبل سیاہ پشت کے علاقے میں پیش آیا جب مسلح افراد تعمیراتی مقام پر پہنچے اور مزدوروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ حملہ آوروں نے کچھ فاصلے پر ڈرائیور کو چھوڑ دیا جبکہ باقی مزدوروں کو اغوا کرکے پہاڑی علاقے کی جانب فرار ہوگئے۔
اغوا ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد لیویز فورس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق مزدوروں کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔