بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغواء ہونے والے ڈی ایس پی نوشکی یوسف ریکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول آفیسر کی لاش گرگینہ کلی شربت خان کے قریب سے ملی ہے۔ ڈی ایس پی یوسف ریکی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نوشکی سے کوئٹہ جاتے ہوئے کردگاپ کے مقام پر لاپتہ ہوگئے تھے۔
آج ان کی لاش برآمد ہوئی، جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول یوسف ریکی نوشکی پولیس اسٹیشن میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔