ایئر چیف کی رومانیہ کے عسکری حکام سے ملاقات، دفاعی وعسکری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

image

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کے اسٹیٹ سیکریٹری برائے دفاع ایڈورڈ باچائیڈ اور رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد سے ایک مشترکہ اجلاس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فوج سے فوج کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے یکساں مؤقف اور باہمی مفاہمت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ عسکری شراکت داری کو درپیش مشترکہ چیلنجز کے تناظر میں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ نئے شعبوں میں تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

رومانیہ کے اسٹیٹ سیکریٹری برائے دفاع ایڈورڈ باچائیڈ نے پاک فضائیہ کی شاندار جنگی کارکردگی اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے وسیع تجربات سے استفادہ حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

اس موقع پر رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد نے بھی پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ معیار اور صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں افواج کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشترکہ مشقوں، تربیتی تبادلوں اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔

رومانیہ میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے استحکام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ دورہ اس بات کا واضح مظہر ہے کہ پاکستان اور رومانیہ ابھرتے ہوئے عالمی اور علاقائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون اور باہمی اشتراک کے جذبے سے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US