ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی بحالی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان اپنی سرزمین سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کرتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی شہریوں کی جانیں کسی بھی تجارت سے زیادہ قیمتی ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان نے افغان عبوری حکام کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والے دہشت گرد حملوں کو ہر صورت روکا جائے اور ان کارروائیوں میں ملوث عناصر، خصوصاً کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر شدت پسند گروہوں کے خلاف عملی اور قابلِ یقین اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بدستور بند رہے گی اور اس کی بحالی تعاون و اعتماد کی فضا بحال ہونے سے مشروط ہے۔