اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے سے متعلق درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ عدالت میں کیس کی سماعت 4 نومبر کو ہوگی جس کی کاز لسٹ بھی رجسٹرار آفس نے جاری کر دی ہے۔ سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کریں گے۔
درخواست گزار شہری غلام مرتضیٰ نے بیرسٹر ظفر اللہ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دورانِ قید مبینہ طور پر غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی مواد سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے جسے ہٹایا جائے اور ان کے ایکس اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے۔
عدالت نے اس کیس میں عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے۔ اس کے ساتھ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر متعلقہ فریقین سے بھی جواب مانگا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مستقبل میں ایسی پوسٹس پھیلانے سے روکا جائے جو بقول درخواست گزار انتشار کا سبب بن رہی ہیں۔