پنجاب میں دفعہ 144 میں آٹھ روز کی توسیع، احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی

image

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں نافذ دفعہ 144 میں آٹھ روز کی توسیع کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس دوران احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں اور دھرنے سمیت ہر قسم کی عوامی اجتماع کی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے، اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ یا نفرت آمیز مواد کی اشاعت اور تقسیم بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے سبب بڑے اجتماعات دہشت گردی کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 39ویں اجلاس میں پابندی میں توسیع کی سفارش کی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن کے تحت پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا جبکہ سرکاری فرائض انجام دینے والے ملازمین اور عدالتی سرگرمیاں بدستور جاری رہیں گی۔ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت صرف اذان اور جمعہ کے خطبے تک محدود رہے گی۔

دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع یکم نومبر تک برقرار رہے گی اور حکام نے عوامی آگاہی کے لیے اس فیصلے کی تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US