راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد رواں سیزن میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1196 تک پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت 40 سے زائد مریض زیرِ علاج ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک ڈینگی سے اموات کی اطلاع نہیں ملی۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ رواں سیزن کے دوران 18 ہزار 783 شہریوں کے ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 59 لاکھ سے زائد عمارتوں کا معائنہ بھی مکمل کیا گیا۔انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے 1 لاکھ 90 ہزار سے زائد گھروں سے لاروا برآمد کیا اور 26 ہزار 83 مقامات کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیا۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 ہزار 641 مقدمات درج کیے گئے، 1885 مقامات سیل کیے گئے اور مجموعی طور پر 1 کروڑ 11 لاکھ 38 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں اسپرے، مانیٹرنگ اور آگاہی مہم جاری ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔