اسمگلنگ کی کوشش ناکام، موچکو چیک پوسٹ پر 25 کلو گرام چاندی برآمد

image

کلکٹوریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے موچکو چیک پوسٹ پر مسافر بس سے 25 کلو گرام چاندی برآمد کرلی جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔

مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے افسران نے گوادر سے آنے والی ایک مسافر بس کو روکا، تفصیلی تلاشی کے دوران ایک مسافر کے سامان سے 25 کلو گرام وزنی چاندی کی سلاخیں برآمد ہوئیں۔

متعلقہ شخص کسی بھی قسم کی قانونی درآمد کی دستاویز یا خریداری کی رسید پیش کرنے میں ناکام رہا، جس سے اس سامان کی غیر قانونی نوعیت کی تصدیق ہو گئی۔ برآمد شدہ چاندی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ مذکورہ مسافر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اسمگل شدہ چاندی کے ماخذ، روٹ اور متوقع وصول کنندگان کا سراغ لگانے اور اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایف بی آر ترجمان نے اس کامیاب کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسمگلنگ کی روک تھام اور کسٹمز قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کی تمام چیک پوسٹس اور داخلی راستوں پر اسی جوش و جذبے کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US