پاکستان کی جگہ عمان کی ٹیم جونئیر ورلڈ کپ ہاکی میں شامل

image

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی جگہ عمان کی ٹیم کو جونیئر ورلڈ کپ ہاکی میں شامل کرلیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ پر واضح کر دیا تھا کہ وہ اپنی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ میں کھیلنے کے لیے موجودہ حالات میں بھارت نہیں بھیج سکتے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پہ کرائے جائیں لیکن ایف آئی ایچ نے ان کا یہ مطالبہ رد کرتے ہوئے عمان کی ٹیم کو ان کی جگہ شامل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ دو ماہ قبل بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ ہاکی میں کھیلنے کے لیے پاکستان کی ٹیم بھارت نہیں گئی تھی اور ان کی جگہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو شامل کرلیا گیا تھا۔

پاکستان کی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ ایف آئی ایچ کی اگلی میٹنگ میں اس بات کو اٹھایا جائے گا کہ آئندہ ایف آئی ایچ بھارت میں انٹرنیشنل ایونٹس کرانا فی الحال بند کردے۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ ایک اچھا موقع تھا کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو جانچا جائے لیکن موجودہ حالات میں کسی صورت میں بھی پاکستان کی ٹیم کو کسی بھی ایونٹ کے لیے بھارت نہیں بھیجا جاسکتا اور ایف آئی ایچ کو اس بات کو مدنظر رکھنا پڑے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US