پہلی بار ای چالان پر معافی، دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پہلی بار ای چالان ہونے پر معافی کی سہولت دی گئی ہے لیکن دوبارہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر آئی جی پولیس غلام نبی میمن کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 35 سرکاری گاڑیوں کا ای چالان کیا گیا جن میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنا، سگنل توڑنا، موبائل کا استعمال اور ٹینڈ گلاسز کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 28 اکتوبر کو لیاری ایکسپریس وے پر پولیس کی ایک گاڑی کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ای چالان کیا گیا۔ اس گاڑی کا چالان 10 ہزار روپے عائد کیا گیا۔

ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت جاری کیے گئے 3 لاکھ 80 ہزار روپے کے چالان میں سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 3 لاکھ 10 ہزار روپے رہی۔ اس کے علاوہ، کالے شیشے لگانے پر 25 ہزار روپے، سگنل توڑنے پر 35 ہزار روپے، اور موبائل فون کے استعمال پر 10 ہزار روپے کے چالان کیے گئے جبکہ پہلی مرتبہ ای چالان ہونے پر 10 یوم میں رابطہ کر کے معافی کے ساتھ فیس معاف ہوسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے مزید تفصیلات طلب کیں اور کہا کہ پولیس بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت بتانا ہوگی تاکہ معاشرے میں نظم و ضبط قائم رہ سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی بار چالان ہونے پر معافی کی سہولت دی گئی ہے لیکن دوبارہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم سندھ پولیس کے لیے ایک مؤثر قدم ثابت ہو رہا ہے جو شہریوں کو قانون کی پاسداری کے لیے مائل کرے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام اداروں کی گاڑیوں کو بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US