پاکستان اور افغان طالبان میں جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق، مشترکہ اعلامیہ جاری

image

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق مذاکرات 25 سے 30 اکتوبر تک ترکیہ کے شہر استنبول میں ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں منعقد ہوئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ مذاکرات دوحہ میں 18 اور 19 اکتوبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کیے گئے۔ فریقین نے نہ صرف جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق کیا بلکہ عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ یہ نظام کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر سزا یا جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

اعلامیے کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے قواعد و ضوابط 6 نومبر کو استنبول میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔ ترکیہ اور قطر نے دونوں فریقوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق مذاکراتی عمل کی بحالی ترکیہ کی درخواست پر ممکن ہوئی کیونکہ ابتدائی طور پر مذاکرات غیر نتیجہ خیز رہنے کے بعد پاکستانی وفد وطن واپسی کی تیاری میں تھا۔ تاہم، میزبان ترکیہ کے اصرار پر پاکستانی وفد استنبول میں رُک گیا اور بات چیت کا نیا دور شروع کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کر کے امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس بار بھی پاکستانی مؤقف واضح ہے کہ افغانستان کو دہشت گردوں کے خلاف قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کرنا ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US