وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کا اعلان کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق نئی کابینہ میں 10 وزرا، 2 مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق صوبائی وزرا میں مینا خان، فضل شکور، فیصل ترکئی، عاقب اللہ، سید فخر جہان، ریاض خان، ارشد ایوب خان، خلیق الرحمان اور ڈاکٹر امجد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مزمل اسلم اور تاج محمد ترند کو وزیراعلیٰ کے مشیر جبکہ شفیع اللہ جان کو معاونِ خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد کابینہ کی تشکیل باقاعدہ مکمل ہو گئی ہے۔
صوبائی کابینہ آج سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں حلف اٹھائے گی جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی نومنتخب وزرا، مشیروں اور معاون خصوصی سے حلف لیں گے۔