نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت میں ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ این ایل سی کی جانب سے شروع کی جانے والی نئی بین الاقوامی سمندری شپنگ سروس کے ذریعے پاکستان کو چین، ملائشیا اور جنوب مشرقی ایشیا سے جوڑنے والی راہداری کامیابی سے فعال ہو گئی ہے۔
چین اور ملائشیا سے آنے والا پہلا مال بردار جہاز کراچی پورٹ پر کامیابی سے لنگر انداز ہوا جس کے ساتھ ہی این ایل سی کے باقاعدہ شپنگ آپریشنز کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں کراچی پورٹ ٹرسٹ  کے نمائندوں، این ایل سی حکام اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
 
نئی شپنگ سروس پورٹ کلانگ (ملائشیا)، چنگ ڈاؤ اور نِنگ بو (چین)، جبلِ علی (دبئی) اور کراچی کے درمیان باقاعدہ طور پر چلائی جائے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 2,500 ٹی ای یو صلاحیت والا جدید بحری جہاز این ایل سی کے فلیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
این ایل سی حکام کے مطابق اس سروس سے جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ تجارت میں نمایاں تیزی آئے گی۔ برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو ترسیل، کارگو اسپیس اور ادائیگی کے نظام میں زیادہ سہولت ملے گی۔
بطور قومی فلیگ کیریئر، این ایل سی کراچی سے چین کے شہر چنگ ڈاؤ تک صرف 18 دن میں شپنگ سروس فراہم کرے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کم کرایوں، جدید سہولیات اور علاقائی رابطوں کے مضبوط نیٹ ورک سے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت کے لیے نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔