بھارتی میڈیا کا پاکستان مخالف جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

image

وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی چینل ریپبلک ٹی وی کے گمراہ کن اور بے بنیاد دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک بار پھر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مبینہ طور پر مغربی ممالک اور اسرائیل کی نگرانی میں 20 ہزار فوجی غزہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے جبکہ ساتھ ہی یہ جھوٹ بھی پھیلایا کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال کی شق ختم کر دی ہے۔

وزارتِ خارجہ پاکستان نے ان الزامات کو سراسر جھوٹ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاسپورٹ سے متعلق شق بدستور برقرار ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف ہمیشہ سے واضح، دو ٹوک اور اصولی رہا ہے۔ پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کا فوجی تعاون زیرِ غور ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت میں پہلے بھی پُرعزم تھا اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہے۔ بیان کے مطابق ریپبلک ٹی وی کا من گھڑت دعویٰ کسی علاقائی یا بین الاقوامی میڈیا ادارے نے رپورٹ نہیں کیا جو اس جھوٹے پروپیگنڈے کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US