ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز، اے آئی کی دوڑ میں پاکستان بھی شامل

image

پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے ساتھ اشتراک کا نیا باب کھول دیا ہے۔یہ پیش رفت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے تحت ہوئی جو ملک میں آئی ٹی فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ تجارت نے میٹا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل ٹریڈ، ای کامرس، اور مصنوعی ذہانت کے میدانوں میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے ملاقات کے دوران بتایا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت جنوبی ایشیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ہر سال 75 ہزار سے زائد نوجوان آئی ٹی گریجویٹس ملک کے ڈیجیٹل انقلاب کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

وزیر کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا جس سے یہ حجم 3.8 ارب ڈالر تک جا پہنچا جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مزید 21 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں برآمدات کا حجم 1.06 ارب ڈالر ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نیشنل ای کامرس پالیسی 2.0 کے تحت 2030 تک ای کامرس مارکیٹ کو 20 ارب ڈالر تک وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

میٹا کے وفد نے پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں، نوجوان افرادی قوت اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتے مواقع کو سراہا اور ملک میں ڈیجیٹل ترقی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

دونوں فریقین نے طویل المدتی شراکت داری کے قیام پر اتفاق کیا جس کا مقصد پاکستان کو خطے میں ڈیجیٹل اختراعات اور اے آئی ترقی کا مرکز بنانا ہے۔ایس آئی ایف سی کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے لیے ڈیجیٹل معیشت کی نئی راہیں کھولنے اور عالمی ٹیکنالوجی نیٹ ورک میں مضبوط شمولیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US