عربین ہمپ بیک وہیل اچانک گوادر پہنچ گئیں۔۔ حیران کن ویڈیو مناظر

image

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے قریب معدومیت کے خطرے سے دوچار عربین ہمپ بیک وہیل (Arabian Humpback Whale) کے ایک بڑے گروہ کو دیکھا گیا ہے جو بحیرہ عرب کے نایاب اور محدود علاقوں میں پائی جاتی ہیں۔

ماہی گیروں کے مطابق ناخدا امیر داد کریم کی قیادت میں مچھلی کا شکار کرتے ہوئے گروہ نے گوادر کے ساحل سے تقریباً 11 ناٹیکل میل جنوب میں چھ سے زائد وہیلوں کو مغرب سے مشرق کی جانب ہجرت کرتے دیکھا۔ عینی شاہدین کے مطابق وہیل پانی میں اسپرے کرتی اور مخصوص انداز میں غوطے لگا رہی تھیں۔

ماحولیاتی ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق یہ نظارہ پاکستان کے پانیوں میں ایک خوش آئند پیش رفت ہے کیونکہ ماضی میں زیادہ تر مشاہدے ایک یا دو وہیلوں تک محدود تھے۔ ادارے کے ٹیکنیکل ایڈوائزر محمد معظم خان کا کہنا ہے کہ یہ اشارہ ہے کہ بحیرہ عرب کی کم ہوتی ہوئی وہیل آبادی آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ 1963 سے 1967 کے درمیان سوویت بیڑے نے وہیلوں کا شکار کیا تھا، جس سے ان کی آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔ تاہم حالیہ مشاہدات ان کے قدرتی توازن کی بحالی کی امید پیدا کر رہے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر بایو ڈائیورسٹی نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں وہیل اور دیگر بڑی سمندری مخلوقات کا بار بار نظر آنا سمندری سرحد کی اعلیٰ پیداواری صلاحیت کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے ماہی گیر برادری کے کردار کو سراہا جو وہیل، ڈولفن اور دیگر آبی حیات کی موجودگی سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہے۔

بحیرہ عرب کے ہمپ بیک وہیل یمن اور سری لنکا کے درمیان رہتی ہیں اور دیگر اقسام کے برعکس جنوبی سمندروں کی طرف ہجرت نہیں کرتیں۔ ان کا پاکستانی پانیوں کی طرف آنا اس بات کی علامت ہے کہ علاقائی سطح پر سمندری ماحولیاتی نظام میں بہتری آ رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US