متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ای چالان سسٹم کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ نظام ختم نہ کیا گیا تو وہ 60 لاکھ موٹرسائیکل سواروں کے ہمراہ شاہراہِ فیصل پر دھرنا دیں گے۔
سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر فور بی میں عوامی رابطہ مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ای چالان کراچی والوں کو لوٹنے کا نیا دھندہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بنیادی سہولیات دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے،مگر ٹیکسوں کا بوجھ مسلسل بڑھا رہی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ پہلے سڑکیں بناؤ، شہر تباہ حال ہے مگر عبداللہ اپنی مستی میں مگن ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر لاڑکانہ، کشمور اور دادو میں ای چالان سسٹم نافذ نہیں، تو صرف کراچی کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟
ایم کیو ایم رہنما نے سندھ حکومت کے ٹیکس اقدامات کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سڑکیں اور گٹر نہیں بناتے، بس ٹیکس پر ٹیکس لگا رہے ہیں، ڈمپر اور کنٹینر شہریوں کی جان لے رہے ہیں، اب ہمارے مال پر بھی ہاتھ ڈالا جا رہا ہے یہ نہیں چلے گا۔
انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ای چالان سسٹم واپس نہ لیا گیا تو شہری سڑکوں پر نکلیں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔