وزیراعظم نے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

image

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا وفد صدر آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کے لیے آیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پیپلز پارٹی سے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی۔

بلاول بھٹو کے مطابق مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی، ججز کے تبادلوں کا اختیار، اور آرٹیکل 243 میں ترمیم شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ این ایف سی ایوارڈ میں صوبائی حصے کے تحفظ کا خاتمہ، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کی وفاق کو واپسی، اور الیکشن کمیشن کی تقرری پر جاری ڈیڈ لاک ختم کرنے کی تجاویز بھی ترمیم کا حصہ ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 6 نومبر کو صدر آصف علی زرداری کی قطر سے واپسی پر طلب کیا گیا ہے جس میں پارٹی اپنی حتمی پالیسی کا فیصلہ کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی مجوزہ ترمیم کا بغور جائزہ لے گی اور قومی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US