خسارے میں ڈوبی حیسکو اور سیپکو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

image

وفاقی حکومت نے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں کمپنیاں طویل عرصے سے شدید خسارے میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی بلوں کی ریکوری نہ ہونے کے برابر ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ توانائی اور نجکاری کمیشن نے حیسکو اور سیپکو کی مالی کارکردگی، بقایاجات اور لائن لاسز کا تفصیلی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔ رپورٹ میں ان کمپنیوں کی کارکردگی کو ملک کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے مقابلے میں انتہائی کمزور قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کمپنیوں میں لائن لاسز 35 فیصد سے بھی زائد ہیں جبکہ بلوں کی وصولی کی شرح انتہائی کم ہے جس کے باعث قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

حکومتی منصوبے کے تحت حیسکو اور سیپکو کو مرحلہ وار نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا تاکہ کارکردگی بہتر بنائی جا سکے بدانتظامی پر قابو پایا جا سکے اور صارفین کو معیاری سروسز فراہم کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ بجلی کے شعبے میں نجکاری کا یہ عمل وفاقی حکومت کے پاور سیکٹر ریفارمز پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت ناقص کارکردگی دکھانے والی سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کو بتدریج نجی انتظامیہ کے سپرد کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US