الیکشن کمیشن کے کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ کی شہری یونین کونسلوں کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولنگ 28 دسمبر 2025 کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی مدت 13 سے 17 نومبر تک ہوگی جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 18 نومبر کو شائع کی جائے گی۔ کاغذاتِ نامزدگی کی اسکروٹنی 19 سے 24 نومبر تک کی جائے گی اور امیدوار 28 نومبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ اپیلیٹ ٹربیونل تمام اپیلوں پر فیصلے 3 دسمبر تک نمٹا دے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی نشانات 6 دسمبر کو امیدواروں کو الاٹ کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی نئی ترقیاتی اسکیم کے اعلان یا سرکاری افسران کے تبادلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو انتخابی نتائج کے اعلان تک برقرار رہے گی۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر پولنگ اسٹیشنز کی نگرانی کریں گے تاکہ عوام بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں، سیاسی جماعتوں اور سرکاری اداروں کو انتخابی ضوابط کی مکمل پابندی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمے داری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US