بابا گورونانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کا پہلا روز ننکانہ صاحب میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اندرون و بیرون ممالک سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا جا رہا ہے۔
سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان سمیت مختلف مقدس مقامات پر اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بھارت سے دو ہزار سے زائد سکھ یاتری کل ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او فراز احمد نے گوردوارہ تنمبو صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، میڈیکل و ریسکیو کیمپس، صفائی اور پارکنگ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ننکانہ صاحب کے ساتوں گوردواروں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی لائٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
سکھ یاتریوں کے لیے لنگر، رہائش، علاج معالجے اور صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ "پاکستانی قوم سکھوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے، سکھ برادری کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اور پاکستان ان کے لیے دوسرا گھر ہے۔"
ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ "ہماری کوشش ہے کہ سکھ یاتری پاکستان سے بہترین یادیں لے کر جائیں۔"
ترجمان کے مطابق بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات 6 نومبر تک جاری رہیں گی۔