بھارت میں ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا جہاں ایک شخص نے ٹریفک جرمانے سے بچنے کے لیے ہیلمٹ کے بجائے فرائی پین کو سر پر رکھ کر موٹر سائیکل چلائی، اور یہی منظر انٹرنیٹ پر تیزی سے توجہ کا مرکز بن گیا۔ بنگلورو شہر جہاں عموماً ٹریفک رش کی وجہ سے سرخیوں میں رہتا ہے، اس بار ایک غیر معمولی حرکت نے اس کا نام خبروں میں دوبارہ پہنچا دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار انتہائی سنجیدگی کے ساتھ سر پر فرائی پین جما کر گاڑی چلا رہا ہے، جیسے وہ ہیلمنٹ کی جگہ باقاعدہ حفاظتی گیئر استعمال کر رہا ہو۔ اس عجیب منظر نے ٹریفک پولیس کو بھی حیران کردیا، کیونکہ اگرچہ اسے چالان سے بچنے کی کوشش کہا جاسکتا ہے، لیکن حقیقت میں یہ طریقہ خود اس کی جان کو خطرے میں ڈال رہا تھا۔
 
ویڈیو شیئر کرنے والے نے واضح کیا کہ یہ حرکت نہ صرف مضحکہ خیز ہے بلکہ انتہائی خطرناک بھی، کیونکہ ایک کچن پین کسی حادثے کی صورت میں جان نہیں بچا سکتا۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس واقعے پر مختلف تبصرے کیے۔ کسی نے طنزاً لکھا کہ پہلے جان بچانا ضروری ہے، ناشتے کی باری بعد میں آ جائے گی، جبکہ ایک اور صارف نے مشورہ دیا کہ کم از کم پین کو باندھ تو لیتے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ حفاظتی قوانین کا مقصد محض چالان نہیں بلکہ انسانی زندگی کی حفاظت ہے۔ ایسے غیر سنجیدہ اقدامات نہ صرف خود فرد کے لیے خطرہ بنتے ہیں بلکہ سڑک پر موجود دوسروں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔