خواتین کے لیے خوشخبری! پنک اسکوٹیز کا دوسرا مرحلہ کب شروع ہو رہا ہے؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

image

صوبائی وزیرِ اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سندھ خواتین کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، تربیتی کورسز میں حصہ لیں اور پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خواتین کو مفت ٹریننگ کے ساتھ مفت لائسنس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو اسکوٹیز کی فراہمی کا مقصد ان کے روزمرہ کے سفری مسائل کو کم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنک اسکوٹیز منصوبے کو عوام کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی، درجنوں خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی، لائسنس حاصل کیے اور اپنی روزمرہ مصروفیات کے لیے پنک اسکوٹیز کو اپنایا۔

وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ محفوظ اور باوقار انداز میں اپنا تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تحت جاری منصوبے جیسے پیپلز بس سروس، پنک بس سروس، الیکٹرک بس سروس اور اب پنک اسکوٹیز پروگرام شہریوں کو سستی اور محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنے کا تسلسل ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ خواتین کو سماجی و معاشی طور پر مضبوط بنانا صرف حکومتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی و انسانی فلسفے کا حصہ ہے جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا تسلسل ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US