ملک بھر کی سونے کی مارکیٹ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قیمتی دھات کی قیمت ہزاروں روپے تک گر گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کے روز 24 قیراط سونے کا فی تولہ نرخ 3 ہزار 500 روپے کمی کے بعد کم ہو کر 4 لاکھ 20 ہزار 362 روپے تک آ گیا۔
اسی طرح 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں بھی 3 ہزار ایک روپے کی کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد نیا ریٹ 3 لاکھ 60 ہزار 392 روپے مقرر ہوا۔ عالمی سطح پر بھی سونے کے نرخ میں کمی جاری ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 35 ڈالر گھٹ کر فی اونس 3 ہزار 980 ڈالر پر آگئی۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 130 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 22 روپے ہو گئی، جب کہ 10 گرام چاندی 112 روپے کمی کے ساتھ 4 ہزار 305 روپے پر آ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی چاندی کی فی اونس قیمت کم ہو کر 47.60 ڈالر تک پہنچ گئی۔