مکران کوسٹل ہائی وے پر کوچ اور ایل پی جی گیس سے بھرے ٹرک کے تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کنڈ ملیر کے قریب نلی اترائی کے مقام پر صبح 8 بجے پیش آیا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔حادثے کے باعث کوچ اور ٹرک مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔ ایدھی حکام کے مطابق کوچ میں 5 اور ٹرک میں 2 افراد سوار تھے تمام افراد جھلسنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے سہراب گوٹھ کے سردخانے منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی شہزادہ، سعید انور اور ان کا بھتیجا انعام اللہ شامل ہیں، جو وزیرستان کے علاقے ٹانک سے تعلق رکھتے تھے اور روزگار کے سلسلے میں کراچی آرہے تھے۔
حادثے میں جھلسنے والے دیگر چار افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔