ایم کیو ایم کا وزیراعظم سے 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا مطالبہ

image

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو مالی و انتظامی اختیارات دینے کا مطالبہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل ایم کیو ایم وفد نے شرکت کی۔ ملاقات میں آئینی ترمیم، ملکی سیاسی صورتِ حال اور بلدیاتی اختیارات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ مجوزہ ترمیم میں ایسی شقیں شامل کی جائیں جو مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائیں تاکہ عوامی مسائل نچلی سطح پر حل ہو سکیں۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم کا بلدیاتی مسودہ 27ویں ترمیم کا حصہ بنایا جائے گا اور مسلم لیگ (ن) اس کی مکمل حمایت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد رواں ماہ ہی 27ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی تیاری میں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ مجوزہ ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔

ادھر وزیراعظم سے استحکامِ پاکستان پارٹی اور پیپلز پارٹی کے وفود نے بھی ملاقات کی جن میں آئینی ترمیم کے مسودے پر مشاورت اور تجاویز پر غور کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 14 نومبر کو قومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم پیش کیے جانے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US