پیپلز بس اور ای وی ٹیکسی کے کیمرے سیف سٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ

image

حکومت سندھ نے شہری سیکیورٹی اور عوامی ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس کے ان ڈور و آؤٹ ڈور کیمروں کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس میں نصب انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کو سیف سٹی پروجیکٹ سے جوڑنے کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کو محفوظ بنانا اور شہری علاقوں میں سیکیورٹی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کیمروں کے انضمام کے بعد کراچی سمیت صوبے کے بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ، عوامی تحفظ اور سیکیورٹی نگرانی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ دسمبر میں جدید ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ یہ سروس شہریوں کو سستی، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گی۔

کراچی میں سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ای وی ٹیکسی سروس ابتدائی طور پر کراچی میں شروع کی جائے گی اور بعد ازاں دیگر بڑے شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے پنک ای وی ٹیکسی سروس بھی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ خواتین کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کیا جا سکے۔ وفد میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر کنول نظام بھٹو سمیت دیگر حکام شریک تھے جبکہ نجی سرمایہ کاروں نے چارجنگ اسٹیشنز، آپریشنل ماڈلز اور ٹرانسپورٹ ڈھانچے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ای وی ٹیکسی منصوبہ نہ صرف عوامی سہولت بلکہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پائیدار ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو کلیدی اہمیت دیتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US