راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن، افتتاحی تقریب میں وائی فائی غیر فعال

image

وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کو ”سیف اینڈ اسمارٹ اسٹیشن“ قرار دیتے ہوئے اس کے جدید حفاظتی اور مسافرانہ نظام کا افتتاح کردیا۔

ایف-بلیو واو کے تعاون سے اسٹیشن پر 143 جدید کیمروں پر مشتمل فول پروف نگرانی کا نظام فعال کیا گیا ہے جو نہ صرف اسٹیشن بلکہ اطراف کے علاقے اور ریزرویشن آفس کی بھی مسلسل نگرانی کرے گا۔

افتتاح کے موقع پر سی آئی پی لاؤنج اور نیا ویٹنگ ایریا بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ خواتین اور فیملیز کے لیے علیحدہ ویٹنگ ایریا، مسافروں کے لیے پر سکون ماحول، چائے اور ریفریشمنٹ کی سہولت سمیت بڑے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی اور اے ٹی ایم مشینز کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ پرانی ریل کاروں کی ریکس کو ریفربشڈ ماڈلز سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ لاہور تا راولپنڈی چلنے والی تین ریل کاروں کی ریکس تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ چوتھی کی تبدیلی 15 نومبر کو متوقع ہے۔ ریل کارز میں مسافروں کو لازمی اسنیکس فراہم کرنے کا فیصلہ بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔

مسافر غیر فعال مفت وائی فائی سے کنیکٹ نہ ہوسکے

دوسری جانب افتتاح کے فوری بعد شہریوں نے اسٹیشن پر فراہم کیے گئے مفت وائی فائی سے کنیکٹ ہونے کی کوشش کی تاہم وائی فائی سروس فعال نہ ہو سکی جس پر مسافروں کی خوشی مایوسی میں بدل گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ سہولتوں کا اعلان کرنے سے قبل ان کا مکمل فعال ہونا ضروری ہے تاکہ عوام کو حقیقی فائدہ مل سکے۔

وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے جدید، محفوظ اور مسافر دوست سسٹم کی جانب بڑھ رہا ہے اور بہت جلد کراچی کینٹ اسٹیشن کا بھی جدید طرز پر افتتاح کیا جائے گا، جہاں لاہور اور راولپنڈی سے بھی زیادہ معیاری سی آئی پی لاؤنجز اور ویٹنگ ایریاز تیار کیے گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US