ایف آئی اے کی کارروائی، پی ایم ڈی سی اہلکار کروڑوں کی رشوت کے الزام میں گرفتار

image

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے اہلکار صدام حسین کو گرفتار کرلیا ہے جو مبینہ طور پر میڈیکل کالجز میں داخلوں کے عوض کروڑوں روپے رشوت لینے میں ملوث ہے۔

ذرائع کے مطابق صدام حسین نے غیر ملکی طلبہ کے لیے مختص فارن کوٹہ کے تحت نو پاکستانی شہریوں سے چار کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی۔ تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے یہ رقوم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملی بھگت سے نقد اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے حاصل کیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران اہم ریکارڈ اور شواہد برآمد کیے گئے جن میں داخلوں کی فہرستیں، بینک ٹرانزیکشنز کی تفصیلات اور رشوت وصولی سے متعلق دستاویزات شامل ہیں۔

مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ صدام حسین کے بینک اکاؤنٹ میں چار ارب تہتر کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ ایف آئی اے نے اکاؤنٹ کو منجمد کر کے رقم کے ذرائع کی جانچ شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے نے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے چھاپوں کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US