"میرا نکاحی جوڑا ڈیڑھ کروڑ روپے کا ہے جبکہ میرا جیولری سیٹ پینتیس کلو کا ہے جس کی قیمت تقریباً دو کروڑ روپے بنتی ہے"۔ یہ دعویٰ مشہور ماہرِ نفسیات اور میڈیا پرسن ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے نکاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان، جو اپنی تیز و تند آراء اور متنازع بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر اکثر خبروں میں رہتی ہیں، اب اپنی پرتعیش شادی کی وجہ سے زیرِ بحث ہیں۔ ان کے قریبی دوست حارث کھوکھر کے ساتھ ان کا نکاح معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی رہائش گاہ پر ہوا، جس میں قریبی عزیزوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔
نبیحہ علی خان کے نکاح کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں، مگر ان کے مہنگے لباس اور بھاری زیورات کے بیان نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ عوامی ردِعمل میں کچھ افراد نے ان کے اس انداز کو "نمائش" قرار دیا جبکہ کئی لوگوں نے میزبان مشی خان کی اس بات سے اتفاق کیا جس میں انہوں نے نبیحہ علی کو "غرور اور دکھاوے" پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
مشی خان نے اپنے انسٹاگرام پر کہا کہ "ایسے وقت میں جب ملک کے عام لوگ مہنگائی سے پس رہے ہیں، مشہور شخصیات کو چاہیے کہ وہ سادگی کا مظاہرہ کریں، نہ کہ دولت کا تماشا لگائیں۔" اس کے علاوہ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاید ڈاکٹر نبیحہ کو سونے کی قیمت نہیں پتا، اس وقت 1 تولہ سونا 5 لاکھ کے قریب پہنچ چکا ہے تو 40، 45 کلو سونا اتنا سستا کیسے ہوسکتا ہے؟
سوشل میڈیا پر لوگوں نے بھی مشی خان کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا، "ایسے لوگ غریبوں کے احساسات کا خیال نہیں رکھتے"، ایک صارف نے تبصرہ کیا، "یہ جوڑا دس لاکھ کا بھی نہیں لگتا چاہے کسی بڑے ڈیزائنر کا ہی کیوں نہ ہو"، جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا، "لگتا ہے سب کچھ اسپانسرڈ ہے!"
یوں ڈاکٹر نبیحہ علی خان کا نکاح جہاں خوشیوں اور دعاؤں کی محفل ہونا چاہیے تھا، وہیں اب سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش اور سادگی کے بیچ ایک نئی بحث چھیڑ چکا ہے۔