“میں یہ کہوں گی کہ میری ماں ہی وہ شخصیت ہیں جنہوں نے میری زندگی میں ہر کردار نبھایا۔ وہ طلاق کے بعد خود کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی تھیں، اور انہوں نے اپنی بیس کی دہائی میں مجھے جنم دیا، جو عمر بہت کم ہوتی ہے۔ وہ کام تو کر رہی تھیں، مگر میرے لیے وہ ماں بھی تھیں اور باپ بھی۔ مجھے کبھی اپنے والد کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ یقیناً بچپن میں کبھی کبھی ان سے الجھ جاتی تھی، مگر جب بڑی ہوئی تو احساس ہوا کہ انہوں نے جو کچھ کیا، وہ سب میری خاطر تھا۔”
انزلہ عباسی نے یہ بات احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں وہ پہلی بار اپنے والدین کی طلاق، والدہ کی جدوجہد، اور اپنی زندگی کے اہم فیصلوں پر کھل کر بات کرتی نظر آئیں۔
ڈرامہ لال عشق اور گِلہ میں اپنی بہترین اداکاری سے پہچان بنانے والی اداکارہ انزلہ عباسی نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ان کی والدہ، معروف اداکارہ جویریہ عباسی، نے طلاق کے بعد نہ صرف خود کو مضبوط رکھا بلکہ انہیں بھی ایک بااعتماد اور خود مختار عورت بننے کی تربیت دی۔ انزلہ کے مطابق، “میں نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ میرے والد موجود نہیں ہیں، کیونکہ میری ماں نے وہ خلا کبھی آنے ہی نہیں دیا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ نے انہیں زندگی کے ہر موڑ پر سہارا دیا اور مشکل وقت میں ہمیشہ ڈٹ کر کھڑی رہیں۔ “میری ماں نے کبھی ہار نہیں مانی، چاہے حالات کتنے بھی سخت کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے مجھے سکھایا کہ عورت کو خود پر یقین ہونا چاہیے۔”
اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انزلہ نے بتایا، “میں نے بائیس سال کی عمر میں فیصلہ کیا کہ اب مجھے خود کمانا اور اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے۔ میں نے اپنی ماں سے بات کی کہ میں الگ رہنا چاہتی ہوں۔ ابتدا میں کافی بحث ہوئی، لیکن جب میں الگ رہنے لگی تو ہمارے تعلقات پہلے سے بہتر ہو گئے۔ وہ مجھ پر اعتماد کرنے لگیں، میرے گھر آتیں، کھانا لاتا تھیں، اور ہم بہت اچھا وقت گزارتے تھے۔ بعد میں جب انہوں نے کہا کہ واپس آجاؤ، تو میں ان کے ساتھ دوبارہ رہنے لگی تاکہ زندگی میں مزید سیٹل ہو سکوں۔”
اپنے والد، معروف اداکار شمعون عباسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انزلہ نے کہا، “میں مانتی ہوں کہ وہ ایک بہترین اداکار ہیں، لیکن میں نہیں جانتی کہ ان کی کون سی سائیڈ سے خود کو جوڑوں۔ میں اپنے والدین کا کام نہیں دیکھتی، یہ ان کا پروفیشن ہے۔ بچپن میں شاید میں ان سے زیادہ جڑی ہوئی تھی، کیونکہ میں نے دیکھا کہ وہ ایک ہی وقت میں ایکٹر، رائٹر، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے۔ اب میں بھی ہر چیز آزمانا چاہتی ہوں، مگر میں انہیں اس لحاظ سے اپنا رول ماڈل نہیں سمجھتی۔”
انہوں نے مزید کہا، “میں نے اپنے والد سے یہ سیکھا کہ چاہے آپ کسی بھی فیلڈ میں ہوں، اپنے کام پر محنت کرتے رہنا اور خود کو بہتر بنانا کبھی بند نہ کریں۔”
انزلہ عباسی، جو جویریہ عباسی اور شمون عباسی کی اکلوتی بیٹی ہیں، نہ صرف ایک کامیاب اداکارہ ہیں بلکہ گلوکاری اور ماڈلنگ میں بھی اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔ اگست 2023 میں انہوں نے تشفین انصاری سے شادی کی تھی، اور اس کے بعد سے وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو متوازن انداز میں آگے بڑھا رہی ہیں۔
ان کی گفتگو نے مداحوں کو متاثر کیا کیونکہ انہوں نے ایک ایسی عورت کی جھلک دکھائی جو اپنی ماں کی طاقت سے پروان چڑھی، اپنی محنت سے اپنی جگہ بنائی، اور رشتوں کو سمجھنے کے لیے وقت لیا۔