کوئٹہ، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیرِ جنگلات و جنگلی حیات سردار مسعود خان لونی کے احکامات اور سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات عبدالفتاح بھنگر کی خصوصی ہدایات پر، محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کی جانب سے ہزار گنجی چلتن نیشنل پارک میں جنگلی حیات کے تحفظ اور بقا کے لیے اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ کی نگرانی میں ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ راجہ آصف کھوسہ نے فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ پارک کے مختلف حصوں میں چکور، سِسّی اور دیگر جنگلی پرندوں کے لیے 650 کلوگرام فیڈ (13 پیکٹس، ہر ایک 50 کلوگرام پر مشتمل) تقسیم کیے تاکہ ان پرندوں کو خوراک کی کمی سے درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
راجہ آصف کھوسہ کے مطابق، طویل عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث علاقے میں پانی اور خوراک کی قلت کے اثرات نمایاں ہو گئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر پارک کے مختلف حصوں میں فیڈ ڈالنے اور عارضی واٹر پوائنٹس قائم کرنے میں مصروف ہے تاکہ جنگلی حیات کو سہارا فراہم کیا جا سکے۔
چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ نے کہا کہ یہ اقدام صوبائی حکومت کے ویژن اور محکمہ کے اس عزم کا تسلسل ہے جس کے تحت بلوچستان کے قدرتی وسائل، جنگلات اور نایاب نسلوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ قدرتی ماحولیاتی توازن برقرار رہے۔
ڈپٹی کنزرویٹر وائلڈ لائف راجہ آصف کھوسہ نے بتایا کہ ہزار گنجی چلتن نیشنل پارک بلوچستان کا ایک منفرد قدرتی ورثہ ہے جو کوئٹہ سے تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 1980ء میں نیشنل پارک قرار دیے جانے والا یہ پارک تقریباً 27 ہزار ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور اپنی حیاتیاتی تنوع، نایاب نسلوں اور خوبصورت مناظر کے باعث عالمی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ پارک چلتن مارخور جو دنیا میں صرف اسی خطے میں پائی جانے والی نسل ہے کی قدرتی جائے رہائش ہے۔ اس کے علاوہ یہاں چکور، سِسّی، تیتر، جنگلی خرگوش، اور درجنوں اقسام کے پرندے و چرند پرند بھی موجود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نباتات میں جنگلی پستہ جسے عرف عام میں شنے / گئون کے نام سے جانا جاتا ہے ، زیتون، جنگلی انجیر اور مختلف اقسام کی صحرائی جھاڑیاں شامل ہیں جو اس خطے کے ماحولیاتی توازن میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کے مطابق، صوبائی حکومت کے وژن کے تحت جنگلی حیات اور قدرتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ بلوچستان کے قدرتی حسن اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ رکھا جا سکے۔