پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے مابین کرکٹ ٹرائی سیریز کے سلسلے میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پریکٹس سیشن کے دوران راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی کی خصوصی ہدایات پر 5500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹیز پر مامور ہیں جبکہ ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور شہریوں کی سہولت کے لیے 350 سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ سینئر افسران فیلڈ میں موجود فورس کو مسلسل بریف اور چیک کر رہے ہیں، روف ٹاپس پر اسنائپرز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم اور اطراف کی صورتحال کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے، جس کے لیے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف مسلسل گشت پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آمد و رفت میں آسانی کے لیے موثر ٹریفک پلان بنایا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی کے تمام اقدامات کرکٹ ٹرائی سیریز کے دوران محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ ترجمان راولپنڈی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیکیورٹی انتظامات میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔