پاکستان ٹینس فیڈریشن اور سویٹ ہومز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، فیڈریشن سویٹ ہوم کے کھلاڑیوں کو تربیت اور پی ایس ایچ قیام و طعام کی سہولیات فراہم کرے گا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق قریشی اور پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جس کے تحت ٹینس فیڈریشن سویٹ ہومز کے بچوں کو پیشہ ورانہ کوچنگ، تربیت اور تکنیکی مہارت فراہم کرے گی تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہوسکیں، بدلے میں پاکستان سویٹ ہومز دیگر شہروں سے اسلام آباد آنے والے ملک کے ممتاز جونیئر کھلاڑیوں کو رہائش، کھانا، قیام و طعام، صحت اور تعلیم سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گا۔
پی ٹی ایف سے جاری بیان کے مطابق ایم او یو پر دستخط پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیے گئے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعصام الحق قریشی نے زمرد خان کے وژن اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ایف اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ وہ پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرے، ہمیں یقین ہے کہ درست رہنمائی اور سہولیات کے ساتھ ہم پاکستان کے لیے مستقبل کے چیمپئن پیدا کریں گے۔
چیئرمین سویٹ ہومز زمرد خان نے اعصام الحق قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی تنظیم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم ملک بھر سے آنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انشا اللہ ہم مل کر ٹینس کی ایک نئی ہنرمند نسل کو پروان چڑھائیں گے۔