نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ... آخر کیا ہوا، کیا یہ دشمنی تھی یا کچھ اور؟

image

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے حجرے پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ معیار کی حدود حاجی آباد میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے گزشتہ رات نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں حجرے کا مین گیٹ، کھڑکیاں اور ایک گاڑی جزوی طور پر متاثر ہوئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی شواہد اکٹھے کیے گئے اور قریبی گھروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس نے نسیم شاہ کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ نسیم شاہ کے والد نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازع نہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ ممکنہ طور پر اراضی تنازع یا مقامی عناد کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ واقعے کے بعد پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او لوئر دیر نے نسیم شاہ کے والد سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ واقعے کے وقت فاسٹ بولر نسیم شاہ گھر پر موجود نہیں تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US