کیڈٹ کالج وانا آپریشن، تمام کیڈٹس محفوظ، 350 افراد بحفاظت ریسکیو

image

کیڈٹ کالج وانا میں جاری سیکیورٹی آپریشن کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے اب تک 350 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام کیڈٹس مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

جاری ویڈیو مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار نہایت احتیاط اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بچوں کو ریسکیو کر رہے ہیں۔اس دوران آپریشن کی نگرانی آئی جی فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا ساؤتھ خود کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالج میں اب بھی تقریباً 300 کے قریب لوگ موجود ہیں جبکہ افغان خوارج کی موجودگی کے باعث آپریشن حکمتِ عملی کے تحت احتیاط سے آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی کیڈٹ کی جان کو خطرہ نہ ہو۔

سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ سیکیورٹی اداروں کا عزم ہے کہ کیڈٹس کی حفاظت اولین ترجیح ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے۔

جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کی ناکام کوشش کے بعد طلبہ نے غیر متزلزل حوصلے اور عزم کا اظہار کیا ہے۔

کیڈٹ کالج کے 12ویں جماعت کے ایک طالب علم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیرستان کے ایک عام گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اور پاک فوج نے علاقے کے نوجوانوں کے لیے یہ ادارہ تعلیم، ترقی اور امن کی راہوں پر گامزن ہونے کے لیے قائم کیا ہے۔ طالب علم کے مطابق دہشت گرد ہمیشہ یہی چاہتے رہے ہیں کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں تاکہ وہ اپنے گمراہ کن اور شیطانی نظریات مسلط کر سکیں۔

طالب علم نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر اپنے ناپاک عزائم کے تحت حملے کی کوشش کی مگر بھرپور سیکیورٹی اور عوام کے عزم کے سامنے ناکام رہے۔ “یہ بزدل لوگ پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اور ہمیشہ ناکام رہیں گے، کیونکہ وزیرستان کا ہر نوجوان کتاب اور قلم کو ہتھیار سمجھتا ہے۔”

آخر میں طالب علم اور کیڈٹ کالج کے طلبہ نے پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے نعرہ بلند کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US