اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش دھماکا، بمبار کی شناخت ہوگئی

image

اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تحقیقاتی اداروں نے خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت عثمان عرف قاری الیاس کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان سے تعلق رکھتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آور سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہوا اور اس کے مقامی سہولت کاروں نے اسلام آباد میں قیام اور نقل و حرکت میں مدد فراہم کی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے ساتھ رابطے میں رہنے والے ایک سہولت کار کا تعلق باجوڑ سے نکلا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کی نشاندہی پر سہولت کار کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتار سہولت کار سے مزید تفتیش کر رہے ہیں تاکہ ممکنہ نیٹ ورک، مالی معاونت اور منصوبہ بندی سے متعلق شواہد حاصل کیے جاسکیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US