وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے اپنا پہلا بڑا حکم جاری کرتے ہوئے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد حفیظ کو وفاقی آئینی عدالت کا رجسٹرار مقرر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے مظہر بھٹی کو سیکرٹری ٹو چیف جسٹس تعینات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ اس فیصلے کی منظوری کے بعد وفاقی آئینی عدالت نے رجسٹرار کے نوٹیفکیشن کو بھی جاری کر دیا جس کے مطابق محمد حفیظ اللہ وفاقی آئینی عدالت کے پہلے رجسٹرار ہوں گے۔
مزید اطلاعات کے مطابق، وفاقی آئینی عدالت کے نئے جج جسٹس کے کے آغا کل وفاقی عدالت کے جج کے طور پر حلف اٹھائیں گے جس میں چیف جسٹس امین الدین خان ان سے حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ میں منعقد ہوگی۔
یہ تعیناتیاں وفاقی آئینی عدالت کے انتظامی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے ضمن میں چیف جسٹس امین الدین خان کے پہلے اہم اقدامات میں شامل ہیں۔