پاکستان کے ڈالر بانڈز ایشیا میں سرفہرست، اقتصادی استحکام کا نیا دور شروع

image

عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ملک ایک نئے اقتصادی استحکام کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ڈالر بانڈز اس سال 24.5 فیصد منافع کے ساتھ ایشیا میں سرفہرست رہے جبکہ ان کی قدر میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ بلومبرگ نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں اب بین الاقوامی قرضہ جاتی مارکیٹ میں واپسی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں ایس اینڈ پی گلوبل اور فچ ریٹنگز نے بھی پاکستان کی معاشی سمت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی کریڈٹ ریٹنگ میں اپ گریڈ کی ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے۔

مزید برآں پاکستان اس سال یوآن بانڈز اور 2026 میں یورو بانڈز کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں دوبارہ داخل ہونے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔

عالمی معاشی ماہرین کے مطابق، آئندہ 6 سے 12 ماہ میں پاکستان کے عالمی مالیاتی درجہ بندی میں مزید بہتری اور عالمی مارکیٹ تک مستحکم رسائی، ملک کی معاشی بحالی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔

حکومتِ پاکستان نے معاشی اصلاحات، مضبوط مالیاتی نظم و ضبط اور مؤثر پالیسی اقدامات کو معیشت کی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا بنیادی محرک قرار دیا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ عالمی مالیاتی پلیٹ فارمز پر پاکستان کے مثبت معاشی اشاریے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ملک کی معیشت مستحکم اور ترقیاتی راستے پر گامزن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US