بلوچستان میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 9 افراد قتل جبکہ ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ سلیازہ کے مقام پر ٹریلر اور ویگن کے مابین حادثے کے نتیجے میں ویگن سوار آٹھ افراد زخمی ہوگئے جبکہ موٹرسائیکل اور ڈاٹسن کے درمیان تصادم میں موٹر سائیکل سوار وکیل احمد جاں بحق ہوگیا۔
لورالائی کلی نیو باور میں بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی سوتیلی ماں اور اس کے ساتھ موجود ایک مرد کو گھر کے اندر قتل کردیا۔ خاتون کا تعلق نیو باور اور مرد کاتعلق کلی زنگیوال لورالائی سے ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان کی سربراہی میں ایس ڈی پی او کریم مندوخیل، ایس ایچ او تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی انسپکٹر ہمایوں ناصر، سی آئی اے انچارج ممتاز احمد اور پولیس فورس فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئی۔پولیس اور سی آئی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم دلبر خان ولد اسماعیل ساکن نیو باور کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گزشتہ روز کنگری کے علاقے سے ملنے والی تین لاشوں میں سے دو کی شناخت ہوگئی ہے۔ پہلی لاش کی شناخت میر خان ولد بار خان سکنہ چوٹی بارکھان کے نام سے ہوئی جبکہ دوسری لاش حق نواز ولد لعل خان قوم چوٹی کی ہے۔ دونوں نوجوان ایک ہی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ تیسری لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی جو کنگری اسپتال میں موجود ہے۔
ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ڈیرہ مراد جمالی میں شوہر کے تشدد سے خاتون چل بسی۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سٹی پولیس تھانہ شرقی ابڑو محلہ میں شوہر نے تشدد کرکے اپنی بیوی(ش) کو شدید زخمی کردیا جسے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
ضلع کچھی پولیس تھانہ بھاگ کی حدود محموداولیاء کے قریب گزشتہ شب مبنیہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر اسپتال پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیں اور الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کردی۔