اردن کے شاہ عبداللہ دوم کا گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سولیوشنز ہیڈ کوارٹر کا دورہ

image

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان میں گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سولیوشنز (GIDS) کے ہیڈکوارٹر کا اہم دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ سمیت اردن کے اعلیٰ سول و عسکری وفود بھی موجود تھے۔

ہیڈکوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شاہ عبداللہ دوم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہ عبداللہ کو ادارے کی دفاعی صلاحیتوں، جدید مصنوعات اور پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ کو پاکستان کی دفاعی پیداوار میں ترقی اور مستقبل میں دو طرفہ دفاعی تعاون کے نئے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ بعدازاں شاہ عبداللہ نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا بھی دورہ کیا، جہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت بھی موجود تھے۔ شاہ عبداللہ نے پاکستان کے زمینی، فضائی اور ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل مشترکہ فائر پاور اور فوجی مشق کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں ڈرونز، اسپیکٹرم وارفیئر اور مربوط فائر پاور کا شاندار عملی مظاہرہ کیا گیا۔

شاہ عبداللہ دوم نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شاہ عبداللہ کے لیے پاکستانی عوام کی محبت اور خیرسگالی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دورہ پاک–اردن دوستی کا نیا باب ثابت ہوگا۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور اردن مضبوط دفاعی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک مستقبل میں تعاون مزید بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔

دورے کے اختتام پر اردن کے بادشاہ کی جانب سے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آرڈر آف ملٹری میرٹ فرسٹ ڈگری کا اعلیٰ عسکری اعزاز دیا گیا۔ یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US